حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
عمران خان کے طبی معائنے کا معاملہ، 21 سابق عالمی کپتانوں کا وزیراعظم شہباز شریف کو خط Home / سیاست /

عمران خان کے طبی معائنے کا معاملہ، 21 سابق عالمی کپتانوں کا وزیراعظم شہباز شریف کو خط

ایڈیٹر - 24/08/2026
عمران خان کے طبی معائنے کا معاملہ، 21 سابق عالمی کپتانوں کا وزیراعظم شہباز شریف کو خط

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سابق نامور کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے اور مناسب علاج کی سہولیات یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سابق کپتانوں نے وزیراعظم کے نام اپنے خط میں عمران خان کی صحت سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے انہیں طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کرنے اور ایک ایسے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی جس میں ان کے ذاتی معالجین اور ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی شامل ہوں۔

خط میں کہا گیا کہ عدالتی ہدایات کے تحت عمران خان کی ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بھی بحال کی گئی تھیں، تاہم اسپتال منتقلی کے بعد ان کا قیام چند گھنٹوں تک محدود رہا اور انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

سابق کپتانوں نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کا معائنہ سپریم کورٹ کی ہدایت کردہ میڈیکل ٹیم کے بجائے سرکاری طور پر تشکیل دی گئی ٹیم نے کیا، جس نے انہیں طبی طور پر فٹ قرار دیا۔

سابق کپتانوں کے 3 اہم مطالبات

خط میں سابق کرکٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق میڈیکل بورڈ کو عمران خان کا مکمل اور آزادانہ طبی معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے، بالخصوص ان کی دائیں آنکھ کی مبینہ کمزور ہوتی بینائی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے ہفتہ وار خاندانی ملاقاتوں کو بلا تعطل جاری رکھنے اور طبی معائنے کی بنیاد پر ڈاکٹروں کی جانب سے تجویز کردہ علاج فوری طور پر فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

خط پر دستخط کرنے والوں میں مائیکل ایتھرٹن، ایلکس بلیک ویل، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، ایلسٹر کک، مائیکل گیٹنگ، سنیل گواسکر، لی جرمن، ایڈم گلکرسٹ، ڈیوڈ گاور، کم ہیوز، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ارجنا راناٹنگا، اینڈریو اسٹراس، دلیپ وینگسرکر، اسٹیو وا اور جان رائٹ کے نام شامل ہیں۔

سابق کپتانوں نے واضح کیا کہ ان کی اپیل کسی سیاسی جماعت یا سیاسی مقصد کے تحت نہیں بلکہ کرکٹ سے وابستگی اور عمران خان کے سابق ساتھی یا حریف ہونے کی حیثیت سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے داخلی قانونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے بلکہ صرف سابق کرکٹر کی صحت کے حوالے سے اپنی تشویش سامنے لا رہے ہیں۔

6 ماہ میں وزیراعظم کو دوسرا خط

رپورٹ کے مطابق سابق عالمی کپتانوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو یہ دوسرا خط ہے جو گزشتہ 6 ماہ کے دوران لکھا گیا ہے۔ اس سے قبل رواں سال فروری میں 14 سابق کپتانوں نے بھی عمران خان کی صحت، بالخصوص ان کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

عمران خان 2018 سے 2022 تک پاکستان کے وزیراعظم رہے۔ اقتدار سے علیحدگی کے بعد انہیں مختلف مقدمات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد کیسز میں سزائیں بھی سنائی گئیں۔

دوسری جانب مختلف عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی عمران خان کے مقدمات کی شفافیت اور جیل میں ان کی صورتحال سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کرچکی ہیں، جبکہ عمران خان کے بیٹوں کی جانب سے بھی ان کے والد کو سخت حالات میں رکھنے کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔

حکومت تاہم عمران خان کے حوالے سے عائد کیے جانے والے ان الزامات اور دعوؤں کی متعدد مرتبہ تردید کرچکی ہے۔