حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے نورین نیازی کی ملاقات سے متعلق شیر افضل مروت کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دے دیا۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان نے اپنی بہن علیمہ خان کے سیاسی کردار اور احتجاجی سرگرمیوں سے متعلق سخت پیغام دیا ہے۔
شیر افضل مروت کے مطابق عمران خان نے نورین نیازی سے ملاقات کے دوران علیمہ خان کی جانب سے احتجاجی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر سوال اٹھایا اور پارٹی کو ہدایت کی کہ انہیں سیاسی معاملات سے دور رکھا جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتی ریلیف کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہی نہیں تھی۔ شیر افضل مروت کے بقول عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی وجوہات پر سوال کیا اور یہ بھی دریافت کیا کہ آیا اس معاملے میں کسی قسم کی ڈیل ہوئی ہے۔
شیر افضل مروت نے مزید دعویٰ کیا کہ عمران خان نے نواز شریف سے متعلق بھی سوال اٹھایا اور پوچھا کہ انہیں نواز شریف کے ساتھ کیوں ملایا جا رہا ہے۔
تاہم تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے شیر افضل مروت کے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق نورین نیازی سے ملاقات کے دوران عمران خان نے نہ تو پارٹی قیادت کے خلاف کوئی بات کی اور نہ ہی شیر افضل مروت کی جانب سے بیان کیے گئے معاملات درست ہیں۔
عمران خان سے ملاقات میں ہونے والی گفتگو سے متعلق متضاد بیانات سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے اندر اس معاملے پر بحث مزید شدت اختیار کر گئی ہے، تاہم پارٹی چیئرمین کی جانب سے شیر افضل مروت کے دعووں کو مسترد کیے جانے کے بعد معاملے پر دونوں رہنماؤں کے مؤقف میں واضح اختلاف سامنے آگیا ہے۔