حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جاتی امرا میں نواز شریف اور شہباز شریف کی اہم بیٹھک، عمران خان اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا معاملہ زیرِ بحث Home / سیاست /

جاتی امرا میں نواز شریف اور شہباز شریف کی اہم بیٹھک، عمران خان اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا معاملہ زیرِ بحث

ایڈیٹر - 24/08/2026
جاتی امرا میں نواز شریف اور شہباز شریف کی اہم بیٹھک، عمران خان اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا معاملہ زیرِ بحث

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کے اہم اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طبی بنیادوں پر اسپتال منتقلی اور آزاد کشمیر میں نئے وزیراعظم کے انتخاب سمیت اہم معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان تقریباً 2 گھنٹے تک ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔

ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کے لیے شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل کے بجائے پمز میں طبی معائنے کے لیے لے جانے کی وجوہات اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ توہین عدالت کی درخواست کے معاملے کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ حکومت کے پاس موجود قانونی اور سیاسی راستوں پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں نواز شریف نے مبینہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ ملک اس وقت کسی نئے سیاسی یا آئینی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لیے تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق کیے جانے چاہئیں۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل رہا۔ قیادت نے ممکنہ امیدواروں کے ناموں اور وہاں کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت نے اس امر پر اتفاق کیا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں مل کر آئینی اداروں کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ ملکی سیاسی استحکام کے لیے بھی اقدامات جاری رکھیں گی۔

ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں آئندہ کی حکمت عملی اور اہم قومی معاملات پر باہمی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔