حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ شروع، 8 نشستوں کا فیصلہ آج ہوگا Home / سیاست /

آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ شروع، 8 نشستوں کا فیصلہ آج ہوگا

ایڈیٹر - 24/08/2026
آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ شروع، 8 نشستوں کا فیصلہ آج ہوگا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، جس کے بعد ایوان کی تشکیل کا مرحلہ مزید آگے بڑھ گیا۔

مخصوص نشستوں کے لیے ووٹنگ صبح 10 بجے شروع ہوئی جو دوپہر 2 بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے سیکرٹری پولنگ کے لیے پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی ماجد خان نے مخصوص نشستوں کے انتخاب میں اپنا ووٹ کاسٹ کرکے پولنگ کا باقاعدہ آغاز کیا۔

قانون ساز اسمبلی میں مجموعی طور پر 8 مخصوص نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، جن میں خواتین کی 5 نشستیں، ٹیکنوکریٹ کی 1، علما و مشائخ کی 1 جبکہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے لیے 1 نشست شامل ہے۔

مخصوص نشستوں کے انتخاب کا عمل مکمل ہونے کے بعد قانون ساز اسمبلی کا ایوان مکمل ہوجائے گا، جس کے بعد نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسمبلی کی تکمیل کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ بھی شروع ہوگا، جس سے آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کا عمل مزید آگے بڑھے گا۔

واضح رہے کہ پونچھ اور سدھنوتی میں انتخابات نہ ہونے کے باعث قانون ساز اسمبلی کے 7 ارکان کی غیر موجودگی میں حکومت سازی کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔