حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج مزید پھیل گیا، اسلام آباد میں دھرنوں کا نیا شیڈول جاری Home / سیاست /

پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج مزید پھیل گیا، اسلام آباد میں دھرنوں کا نیا شیڈول جاری

ایڈیٹر - 24/08/2026
پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج مزید پھیل گیا، اسلام آباد میں دھرنوں کا نیا شیڈول جاری

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی، بجلی کے بھاری بلوں اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا اعلان کردیا، اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مرحلہ وار دھرنوں کا نیا پروگرام جاری کردیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی اسلام آباد کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں احتجاجی سرگرمیوں کا آغاز شام کے اوقات میں کیا جائے گا، جو رات گئے تک جاری رہیں گی۔ احتجاج کا مقصد عوام کو متحرک کرکے حکومت پر معاشی مطالبات تسلیم کرنے کے لیے دباؤ بڑھانا ہے۔

پارٹی کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق غوری ٹاؤن، کراچی کمپنی، جی سکس، بی سترہ، پی ڈبلیو ڈی، بہارہ کہو، جھنگی سیداں اور لہتراڑ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں دھرنے منعقد کیے جائیں گے۔

جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور دیگر ٹیکسوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، اس لیے حکومت کو فوری طور پر عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنا ہوگا۔

دوسری جانب لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے احتجاجی تحریک کے آئندہ مرحلے کا اعلان کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ حکومت کے ساتھ دھرنا ختم کرنے کے معاملے پر مذاکرات نہیں ہوں گے بلکہ بات چیت کا مرکز عوام پر عائد اضافی بوجھ، بالخصوص پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ ہوگا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک میں مختلف مافیاز عوامی ضروریات سے متعلق اشیا کی درآمد و برآمد سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، جبکہ مہنگائی کے باعث عام شہری مسلسل مشکلات کا شکار ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ احتجاجی تحریک کو ملک بھر تک پھیلانے کے لیے تمام اضلاع میں احتجاجی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق 12 ربیع الاول کے بعد 13 ربیع الاول کو ملک گیر شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے عوام کو عملی ریلیف فراہم نہ کیا تو ملک گیر ہڑتال کے بعد اسلام آباد کی جانب بڑے لانگ مارچ کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

جماعت اسلامی کے مطابق کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف بڑے شہروں میں احتجاجی سرگرمیاں پہلے ہی جاری ہیں، جبکہ اسلام آباد میں نئے دھرنوں کے آغاز سے احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔