حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ایشین کرکٹ کونسل کے بینکاک میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ امیدواروں نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بورڈ کی تینوں ڈائریکٹر نشستیں اپنے نام کرلیں، جبکہ بھارتی حمایت یافتہ پینل کو سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایشین کرکٹ کونسل کی سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران بورڈ کی 3 ڈائریکٹر نشستوں کے لیے انتخابی عمل مکمل ہوا، جس میں پاکستان کی حمایت یافتہ ٹیم نے تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے حمایت یافتہ پینل کی قیادت ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی کر رہے تھے، جبکہ پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے۔ تینوں امیدواروں نے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کے حمایت یافتہ گروپ کی پوزیشن مضبوط کردی۔
اجلاس میں بھارت کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی، تاہم بھارتی حمایت یافتہ امیدوار پاکستان کے حمایت یافتہ پینل کا مقابلہ نہ کرسکے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ امیدواروں نے ڈائریکٹرز کی تمام 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جسے کرکٹ کے علاقائی انتظامی ڈھانچے میں پاکستان کی اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران ایشیا کپ سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ آئندہ سال بنگلادیش میں شیڈول ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے ابتدائی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کو ممکنہ میچ وینیوز کے طور پر زیر غور لایا گیا۔
دوسری جانب ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 28 اگست سے ہوگا اور اختتام 13 ستمبر کو فائنل کے ساتھ ہوگا۔
ایونٹ میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ افتتاحی میچ تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، چین کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ ٹورنامنٹ کے تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔