امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم لیوی میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد بہترین انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور حکومت کو بالاخر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا ہی پڑے گی۔ انہوں نے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آٹا مافیا اور چینی مافیا کی موجودگی میں ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ ایک طرف کسانوں کو سستی کھاد میسر نہیں ہے تو دوسری طرف عوام کے پیسوں سے سرکاری افسران بڑی بڑی گاڑیاں چلا رہے ہیں۔
مستقبل کے لائحہ عمل پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ 12 ربیع الاول کے بعد ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اب مذاکرات اس طرح نہیں ہوں گے کہ حکومت دھرنا ختم کرنے کا کہے اور جماعت اسلامی مان جائے۔ دھرنا صرف اسی صورت میں ختم ہو گا جب حکومت ان کے مطالبات کو عملی طور پر تسلیم کرے گی۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی کی واپسی اور معاشی ریلیف کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے ملک بھر کے گورنر ہاؤسز کے باہر شروع کیے گئے دھرنے آج آٹھویں روز میں داخل ہو چکے ہیں۔