حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر کے اسکولوں سے نئے اور باصلاحیت کھلاڑی تلاش کرنے کے لیے قومی انڈر 15 اسکول ہاکی چیمپئن شپ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق اس منصوبے کا مقصد اسکول کی سطح پر ہاکی کو دوبارہ فروغ دینا، ملک کے مختلف علاقوں سے باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کرنا اور انہیں قومی ٹیم تک پہنچانے کے لیے ایک منظم نظام تشکیل دینا ہے۔
پروگرام کے تحت جنوری 2027 میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں انڈر 15 اسکول ہاکی چیمپئن شپ منعقد ہوگی۔
مقابلوں کے انعقاد کے لیے متعلقہ کھیلوں کے محکموں، محکمہ تعلیم، بین الصوبائی تعلیمی رابطہ کمیٹی، تعلیمی بورڈز اور مقامی انتظامیہ کا تعاون حاصل کیا جائے گا، جبکہ ضلعی اور ڈویژن کی سطح پر زیادہ سے زیادہ اسکولوں کو شریک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
علاقائی مقابلوں کے بعد قومی چیمپئن شپ کے لیے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے 4، 4 جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے 2، 2 بہترین ٹیمیں اسلام آباد پہنچیں گی۔
فیڈریشن کے مطابق لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے انتخاب اور مقابلوں کا طریقہ کار یکساں ہوگا۔
تمام منتخب علاقائی ٹیمیں فروری 2027 میں اسلام آباد میں قومی مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سلیکٹرز اور تجربہ کار کوچز کھلاڑیوں کی کھیل کی مہارت، فٹنس اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔
منتخب کھلاڑیوں کا ریکارڈ قومی سطح کے ڈیٹا بیس میں شامل کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں قومی ٹیموں کے لیے ٹیلنٹ کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔
قومی چیمپئن شپ میں پہلی 3 پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیموں کو ٹرافیز، میڈلز اور ترقیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اس کے علاوہ بہترین کھلاڑی، بہترین گول کیپر، بہترین ڈیفینڈر، بہترین مڈفیلڈر اور بہترین فارورڈ کے لیے بھی خصوصی انفرادی اعزازات دیے جائیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ کا مقصد صرف چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیموں سے کھلاڑی منتخب کرنا نہیں بلکہ ملک بھر سے بہترین صلاحیت رکھنے والے نوجوانوں کو ایک قومی ٹیلنٹ پول میں شامل کرنا ہے۔
اسی ٹیلنٹ پول کی بنیاد پر پاکستان انڈر 15 بوائز اور پاکستان انڈر 15 گرلز ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں کو مستقبل کی قومی ٹیموں کے لیے ریزرو رکھا جائے گا۔