حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ہری پور میں موسلا دھار بارش کا اثر، برساتی پانی گھروں میں داخل، ریسکیو آپریشن جاری Home / ماحولیات /

ہری پور میں موسلا دھار بارش کا اثر، برساتی پانی گھروں میں داخل، ریسکیو آپریشن جاری

ایڈیٹر - 22/08/2026
ہری پور میں موسلا دھار بارش کا اثر، برساتی پانی گھروں میں داخل، ریسکیو آپریشن جاری

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ضلع ہری پور کی تحصیل غازی کے علاقے میاں ڈھیری میں شدید بارش کے بعد برساتی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس کے باعث متعدد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق برساتی نالے میں پانی کی سطح اچانک بلند ہونے سے پانی آبادی کی جانب آگیا اور کئی گھروں میں داخل ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 ہری پور کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئیں اور گھروں سے پانی نکالنے کا کام شروع کردیا۔

ریسکیو اہلکار نکاسی آب کی کارروائی کے ساتھ ساتھ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مزید بارش یا پانی کی سطح میں اضافے کی صورت میں فوری اقدامات کیے جاسکیں۔

آبی گزرگاہوں پر تجاوزات، خطرات میں اضافہ

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحصیل غازی میں برساتی نالوں اور قدرتی آبی گزرگاہوں کے اطراف مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے باعث پانی کے گزرنے کے راستے محدود ہوگئے ہیں، جس سے بارش کے دوران آبادیوں میں پانی داخل ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مقامی شہری بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں اور متاثرہ گھروں سے پانی نکالنے میں اہلکاروں کی مدد کررہے ہیں۔

مقامی آبادی نے بروقت کارروائی اور امدادی سرگرمیاں شروع کرنے پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ برساتی نالوں کی صفائی اور قدرتی آبی گزرگاہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مستقل اقدامات کیے جائیں۔