حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے قمبر خیل میں مبینہ طور پر لین دین کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک راہ گیر بچہ زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دو فریقین کے درمیان مالی معاملات کے تنازع پر پیش آیا، جس کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی۔ گولی لگنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ قریب سے گزرنے والا ایک بچہ بھی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی بچے کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے 3 افراد میں سے 2 کا تعلق ایک فریق جبکہ ایک شخص دوسرے فریق سے بتایا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور فائرنگ میں ملوث افراد کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، جبکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔