اسلام آباد، ویب ڈیسک: ایک اہم اور باخبر ذریعے نے سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے کسی بھی ممکنہ ڈیل یا ڈھیل کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے اس کے امکانات کو ’’صفر‘‘ قرار دیا ہے۔ ذریعے نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان اختلافات کی خبروں کو بھی یکسر مسترد کردیا۔
سیاسی اور حکومتی معاملات پر نظر رکھنے والے ذریعے کے مطابق عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق حالیہ پیش رفت کے بعد سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں، تاہم موجودہ صورتحال میں ایسی کسی ڈیل یا ڈھیل کا کوئی امکان نہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کے طبی علاج سے متعلق حکم کے بعد یہ توقع کی جارہی تھی کہ انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے گا، تاہم انہیں پمز اسپتال لے جایا گیا اور طبی معائنے کے بعد دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
اس پیش رفت کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ سوالات اٹھنے لگے کہ آیا عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے کے پس پردہ کوئی سیاسی مفاہمت یا ممکنہ ڈیل موجود ہے۔
تاہم باخبر ذریعے سے جب براہ راست عمران خان کے لیے کسی ڈیل یا ڈھیل کے امکان سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا مختصر اور دوٹوک جواب تھا: ’’صفر‘‘۔
اسی ذریعے سے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان مبینہ اختلافات سے متعلق خبروں کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔
ذریعے نے ان اختلافات کے امکان کو بھی ’’صفر‘‘ قرار دیتے ہوئے ایسی تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں سیاسی یا حکومتی سطح پر کوئی غیر معمولی پیش رفت سامنے آتے ہی پس پردہ ڈیل، ڈھیل یا سول و عسکری قیادت کے درمیان اختلافات سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاسی اور عسکری قیادت کے تعلقات کو مختلف ادوار کے تناظر میں دیکھا جاتا رہا ہے، تاہم موجودہ سیاسی و ادارہ جاتی انتظام کو ماضی کے روایتی انداز میں پرکھنا درست نہیں۔
باخبر ذریعے نے گزشتہ تقریباً 3 سے 4 برس کے دوران تشکیل پانے والے سیاسی انتظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں سول حکومت اور عسکری قیادت کے درمیان موجودہ تعاون ماضی کے طریقہ کار سے ’’بالکل مختلف‘‘ ہے۔
ذریعے کے مطابق اس وقت زیر گردش بعض رپورٹس زمینی حقائق کے بجائے متعلقہ افراد کی خواہشات یا توقعات کی عکاسی کرتی ہیں۔
باخبر ذریعے نے ایک بار پھر واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں عمران خان کے لیے کسی ڈیل یا ڈھیل کا امکان نہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی درست نہیں۔