حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کا بڑا فیصلہ، حکومت کو پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دینے کے لیے مشترکہ محاذ بنانے پر اتفاق Home / سیاست /

مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کا بڑا فیصلہ، حکومت کو پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دینے کے لیے مشترکہ محاذ بنانے پر اتفاق

ایڈیٹر - 22/08/2026
مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کا بڑا فیصلہ، حکومت کو پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دینے کے لیے مشترکہ محاذ بنانے پر اتفاق

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پارلیمنٹ کے اندر حکومت کو مؤثر انداز میں جواب دینے اور مشترکہ اپوزیشن تشکیل دینے کے لیے اتفاق رائے پیدا ہوگیا۔

اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر، جنید اکبر، عامر ڈوگر اور شاہد خٹک کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ، مولانا عبد الواسع اور سینیٹر دلاور خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان کے مسائل اور پارلیمان میں اپوزیشن کے آئندہ کردار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت کو پارلیمنٹ کے اندر مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ٹف ٹائم دیا جائے گا اور اپوزیشن جماعتیں ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے قیام کے لیے مزید مشاورت جاری رکھیں گی۔

مولانا فضل الرحمان کا حکومت پر سخت تنقید

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے ملک میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی رٹ کو چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ عوام کے سامنے صورتحال سے متعلق درست حقائق کے بجائے گمراہ کن بیانیہ پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہوکر اپنا مؤثر سیاسی کردار ادا کرنا ضروری ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے مطابق اجلاس میں شریک تمام جماعتیں اپنے اپنے قائدین اور متعلقہ قیادت سے مشاورت کریں گی، جس کے بعد دوبارہ اجلاس طلب کرکے مشترکہ اپوزیشن کے آئندہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اجلاس کے فیصلوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں حکومت کے خلاف زیادہ منظم اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔