پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے لیے پارٹی امیدواروں کی نامزدگیوں کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں بتایا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں اپنے دستخطوں سے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے ہیں، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مریم زمانی، مریم ادریس، سحرش قمر اور رفعت عابد مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہوں گی۔
علاوہ ازیں اوورسیز پاکستانیوں کی مخصوص نشست کے لیے عبدالرحمٰن، ٹیکنو کریٹ کی نشست کے لیے افتخار گیلانی اور علما و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر سعید کو پارٹی کا امیدوار نامزد کرتے ہوئے ٹکٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔