تحسین اللہ
میونخ اسٹیڈیم میں منعقدہ یوئیفا نیشنز لیگ 2025 کے فائنل میچ میں پرتگال اور اسپین کی عظیم ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ ہزاروں تماشائیوں کی موجودگی میں، جذبات، توقعات اور ولولے سے بھرپور اس رات نے فٹبال کو ایک نئی رُوح بخشی۔ دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کے بعد پرتگال نے سپین کو پنلٹی ککس میں پانچ تین سے شکست دیکر دوسری مرتبہ یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پہلا گول اسپین کی جانب سے ہوا، لیکن پرتگال کے پھرتیلے جوان نونو مینڈس نے جلد ہی گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔ پہلے ہاف کے ختم ہونے کا اشارہ ریفری کی جانب سے آنے ہی والا تھا کہ اسپین نے ایک اور گول داغ دیا جس سے پرتگال کے مداحوں کی امیدیں تقریبا ختم ہوگئی تھی۔
61ویں منٹ میں 40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے 138ویں بین الاقوامی گول کرکے مقابلہ برابر کیا اور اس گول کے پیچھے بھی عزت مآب "مین آف دی میچ" نونو مینڈس کی کامیاب محنت تھی جس نے محض گول ہی نہیں کیا بلکہ دفاعی حصے میں حیرت انگیز کھیل پیش کر کے لامین یامل جیسے نوجوان اسٹار کو بھی الگ تھلگ کر دیا۔نوے منٹ تک برابر گول کی وجہ سے میچ اضافی وقت میں داخل ہو گیا۔ ہر لمحہ فیصلہ کن تھا، ہر پاس میں ایک امید چھپی تھی۔ لیکن فیصلہ ہونا باقی تھا۔ قسمت کا دروازہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر کھلا، اور وہ لمحہ آیا جو ہمیشہ کیلئے دلوں میں نقش ہو گیا۔
پرتگال نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3 کے مقابلے میں 5 گول کر کے فتح اپنے نام کی۔ اسپین کے ماہر کھلاڑی کا ایک فیصلہ کن شاٹ باہر چلا گیا، اور وہیں قسمت نے رخ بدلا۔ جیسے ہی آخری پنالٹی پرتگال کے جال میں پہنچی تو اسٹیڈیم "پرتگال! پرتگال!" کے نعروں سے گونج اٹھا۔
کرسٹیانو رونالڈو کی آنکھوں میں آنسو تھے، لیکن اس بار وہ خوشی کے آنسو تھے۔ شاید یہ ان کے کیریئر کی آخری بڑی فتح تھی، اور یہ لمحہ پوری قوم کے لیے ناقابلِ فراموش بن گیا۔ {یہ صرف ایک میچ نہیں تھا، یہ ایک داستان تھی، جذبے، صبر، اور عزم کی۔ اور اس رات پرتگال نے اپنی تقدیر خود لکھی۔ پرتگال کے نونو مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔