حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دے ڈالی Home / کھیل /

بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دے ڈالی

ایڈیٹر - 16/08/2026
بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دے ڈالی

دو سال پہلے انہی دنوں کی بات ہے جب بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان کے دورے پر تھی- پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے اپنی طرف سے فاسٹ پچز بنائیں، پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش سے آگے بھی رہی لیکن جب فیصلہ کن وقت آیا، بنگالی کھلاڑیوں نے ناک آؤٹ پنچ مارا اور میچ جیت گئے، پھر سیریز جیت گئے پھر اسی سال بنگلہ دیش میں ایک اور ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو کلین سویپ کر دیا-

لیکن پاکستان کرکٹ کا جو حال ہے، اسے تو کوئی بھی شکست دے جاتا ہے، حالانکہ پہلی بار کھیلنے والا امریکہ بھی اور اس کے علاؤہ بنگلہ دیش کی زیادہ تر کامیابیاں یا تو بنگلہ دیش میں تھیں اور اگر باہر تھیں تو ایک ٹیسٹ نیوزی لینڈ میں یا پھر زمبابوے وغیرہ میں یا چھوٹی ٹیموں کے خلاف- اور پھر بنگلہ دیشی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر نکلتی ہے، جہاں ان کی جیت کی توقع کسی کو نہیں تھی

آسٹریلیا کی جانب سے ان کا مکمل باؤلنگ اٹیک فٹ ہو کر واپسی کر چکا ہے اور اس کا سامنا کرنا کچھ آسان نہیں رہتا- لیکن بنگلہ دیش نے یہاں بھی پہلا پنچ مارا اور زوردار مارا، حسن محمود اور ساتھیوں کی وہ باؤلنگ پرفارمینس کچھ ایسی تھی کہ اس کے بعد آسٹریلیا کے لئے واپسی ناممکن ہو گئی-

لیکن یاد رہے کہ آسٹریلیا کو ایک اننگ میں پیچھے چھوڑنے کا مطلب فتح نہیں ہوتا، انہیں مکمل طور پر فلیٹ کرنا پڑتا ہے، کچھ اتنا فلیٹ کہ واپسی کا کوئی امکان ہی نہ رہے- تو حسن کی شاندار کارکردگی کے بعد تنزید کی سنچری، شنٹو کی عمدہ اننگ اور پھر مہدی(جو کہ اس وقت بنگلہ دیش کا سب سے ویلیوایبل کھلاڑی بن چکا ہے) نے برتری وہاں تک پہنچا دی کہ اب واپسی کے لئے آسٹریلیا کو ایک بڑی باری کھیلنا تھی-

کیمرون گرین جس کے بارے میں یہ سوال رہتا ہے کہ آخر کس بنیاد پر اتنے انٹرنیشنل میچز کھیل رہا ہے، نے آخرکار اپنی اہمیت دکھانے کی مکمل کوشش کی اور ایک عمدہ سنچری بنا ڈالی لیکن باقی کھلاڑی اس کا ساتھ نہ دے سکے- ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد آسٹریلیا کو گرین سے صرف سنچری نہیں، اس سے بھی کچھ بڑی اننگ درکار تھی، ایک ایسی اننگ کہ جو ہدف 150+ تک لے جا سکے اور پھر بنگلہ دیش پر دباؤ ڈالا جا سکے لیکن مہدی نے ایسا ہونے نہ دیا- ایک شاندار سپیل، اور اس کا ساتھ دیا حسن محمود نے اور یوں بنگلہ دیش کو ملا صرف 57 رنز کا ہدف

یوں بنگلہ دیش نے آسٹریلیا میں اپنے صرف تیسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر لی، ایک ایسا ٹیسٹ جو انہیں 23 سال کے وقفے کے بعد ملا تھا- اب بنگلہ دیش ایشیا کی وہ ٹیم ہے جو سب سے کم ٹیسٹس کھیل کر آسٹریلیا میں اپنا پہلا ٹیسٹ جیت چکی، اس سے پہلے یہ ریکارڈ پاکستان کے نام تھا، جنہوں نے اپنا پہلا میچ شاید دسویں ٹیسٹ میں جیتا تھا اور اب تک آسٹریلیا میں صرف چار ٹیسٹس ہی جیت پائے ہیں اور آخری ٹیسٹ جیتے بھی تیس سال سے زیادہ ہو گئے