حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): بنگلادیش کے فاسٹ بولر حسن محمود کی شاندار اور تباہ کن بولنگ کے سامنے آسٹریلوی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 198 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
ڈارون میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ابتدائی 45 رنز کی شراکت کے بعد بنگلادیشی بولرز نے ایسی تباہی مچائی کہ آسٹریلیا کی 4 اہم وکٹیں صرف 74 رنز پر گر گئیں۔
جیک ویدرالڈ 23، ٹریوس ہیڈ 22، کیمرون گرین 13 اور مارنس لبوشین صرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری نے 55 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم 129 کے مجموعی اسکور پر کیری 19 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ایک جانب اسٹیو اسمتھ مزاحمت جاری رکھتے رہے تو دوسری طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔ بیو ویبسٹر 12، کپتان پیٹ کمنز 9، نیتھن لیون 7 اور مچل اسٹارک صرف 1 رن بنا سکے۔
اسٹیو اسمتھ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 71 رنز کی اننگز کھیلی اور آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے، تاہم وہ بھی ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسکین احمد اور عبادت حسین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
حسن محمود کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بنگلادیشی فاسٹ بولرز نے ایک اننگز میں آسٹریلیا کی تمام 10 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
یہ دوسری مرتبہ ہے کہ بنگلادیش کے فاسٹ بولرز نے ٹیسٹ اننگز میں حریف ٹیم کی تمام وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔
55 رنز کے عوض 6 وکٹیں حسن محمود کے لیے بھی ایک نمایاں کارکردگی ہے، جو ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بنگلادیشی فاسٹ بولر کی جانب سے ایک اننگز میں تیسری بہترین بولنگ کارکردگی قرار دی جارہی ہے۔