ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
صوبائی ادارے نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔
حکام نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے اور عوام کو موسمی صورتحال سے باخبر رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔