حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین نے یومِ شہدائے بابڑہ کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ پارٹی کو حکومت بنانے کا موقع ملا تو بابڑہ سانحے کی تحقیقات ازسرِنو کرائی جائیں گی، جبکہ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام اور صوبے کے حقوق کے لیے سیاسی جدوجہد بھی جاری رکھی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے بابڑہ سانحے کو تاریخ کا ایک انتہائی المناک باب قرار دیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ واقعے میں 600 سے زائد بے گناہ افراد جان سے گئے اور اس وقت کے حکمران قیوم خان کے حکم پر سیکڑوں افراد کو قتل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کو اقتدار ملا تو بابڑہ کیس کی دوبارہ تحقیقات کرائی جائیں گی اور واقعے سے متعلق دستیاب شواہد اور تمام پہلوؤں کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔
میاں افتخار حسین نے صوبے کی موجودہ امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے بغیر سیاسی اور معاشی استحکام ممکن نہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر امن و امان کے مسئلے سے نمٹنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کی رہائی اہم معاملہ ہے تو خیبرپختونخوا میں امن کا قیام بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
اے این پی رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت دہشتگردی کے خلاف سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی اور صوبے کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
میاں افتخار حسین نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھانے کے بجائے باہمی تعلقات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کو قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ میں اس کا مکمل حق نہیں ملا جبکہ 18ویں آئینی ترمیم پر بھی مکمل عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
ان کے مطابق ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو پنجاب اور سندھ کے مقابلے میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو زیادہ سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
اے این پی رہنما نے ملک میں مزید صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات پاکستان کو مزید کمزور کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مشرقی پاکستان کی علیحدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تقسیم کے ماضی کے تجربے سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول پاکستان کو مزید تقسیم کرنے کے بجائے موجودہ اکائیوں کو مضبوط، مستحکم اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔
میاں افتخار حسین نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے امن، حقوق اور سیاسی مفادات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔