حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کرسٹیانو رونالڈو نے جارجینا روڈریگز سے شادی کرلی، 9 سالہ محبت کا خوبصورت انجام Home / لائف سٹائل /

کرسٹیانو رونالڈو نے جارجینا روڈریگز سے شادی کرلی، 9 سالہ محبت کا خوبصورت انجام

ایڈیٹر - 12/08/2026
کرسٹیانو رونالڈو نے جارجینا روڈریگز سے شادی کرلی، 9 سالہ محبت کا خوبصورت انجام

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے ساتھ شادی کرلی، جس کے بعد دونوں کی طویل رفاقت باقاعدہ ازدواجی رشتے میں تبدیل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اور 32 سالہ جارجینا روڈریگز نے 11 اگست کو پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں منعقدہ ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس میں ان کے قریبی اہل خانہ اور بچے بھی شریک ہوئے۔

شادی کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے سماجی رابطے کے ذریعے ایک تصویر شیئر کی جس میں دونوں کے ہاتھ ایک دوسرے کے ہاتھوں میں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ شادی کی انگوٹھیاں بھی نمایاں ہیں۔

تصویر سامنے آتے ہی رونالڈو اور جارجینا کے مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں اور نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ایک سال پہلے ہوئی تھی منگنی

رونالڈو اور جارجینا کی شادی منگنی کے تقریباً 1 سال بعد ہوئی۔ جارجینا روڈریگز نے اگست 2025 میں اپنی منگنی کا اعلان کرتے ہوئے انگوٹھی کی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔

دونوں کی محبت کا آغاز 2016 میں ہوا، جب جارجینا اٹلی کے معروف فیشن برانڈ گوچی کے ایک اسٹور میں بطور سیلز اسسٹنٹ کام کررہی تھیں۔

دونوں پہلی مرتبہ 2017 میں زیورخ میں منعقد ہونے والی فیفا فٹبال ایوارڈز تقریب میں ایک ساتھ عوام کے سامنے نظر آئے، جس کے بعد ان کی جوڑی عالمی میڈیا اور مداحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی۔

رونالڈو اور جارجینا کے 5 بچے

کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کے خاندان میں 5 بچے شامل ہیں۔ ان میں جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو، بیٹی الانا، بیٹی بیلا اور رونالڈو کے بڑے بیٹے کرسٹیانو جونیئر شامل ہیں۔

اس خاندان نے 2022 میں ایک انتہائی مشکل وقت بھی دیکھا، جب جارجینا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کے دوران بیٹے اینجل کا انتقال ہوگیا تھا۔

اس افسوسناک سانحے کے وقت دونوں نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا اور اس مشکل مرحلے کا مل کر سامنا کیا۔

فٹبال کے میدان میں کئی کامیابیاں سمیٹنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے اب اپنی نجی زندگی میں بھی ایک نئے باب کا آغاز کردیا ہے، جس پر دنیا بھر میں موجود ان کے مداح خوشی اور نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔