حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ورلڈکپ 2027 کا نقشہ واضح، پاکستان سمیت 10 ٹیموں کی براہِ راست انٹری تقریباً یقینی Home / کھیل /

ورلڈکپ 2027 کا نقشہ واضح، پاکستان سمیت 10 ٹیموں کی براہِ راست انٹری تقریباً یقینی

ایڈیٹر - 11/08/2026
ورلڈکپ 2027 کا نقشہ واضح، پاکستان سمیت 10 ٹیموں کی براہِ راست انٹری تقریباً یقینی

حسبان میڈیا(ویب ڈیسک): 2027 کے ایک روزہ کرکٹ عالمی کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی تصویر تقریباً واضح ہوگئی ہے، آئندہ عالمی کپ گزشتہ 2 ایڈیشنز کے مقابلے میں زیادہ بڑی ٹیموں پر مشتمل ہوگا اور پہلی مرتبہ 14 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔

عالمی کپ کے میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے کو میزبانی کی بنیاد پر پہلے ہی ٹورنامنٹ میں جگہ مل چکی ہے، جبکہ باقی 8 براہِ راست نشستوں کا فیصلہ 30 ستمبر کی عالمی ایک روزہ درجہ بندی کی بنیاد پر ہوگا۔

افغانستان نے بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف ڈرامائی کامیابی حاصل کرکے اپنی درجہ بندی بہتر کرلی ہے، جس کے بعد اس کی براہِ راست عالمی کپ تک رسائی کے امکانات تقریباً یقینی ہوگئے ہیں۔

موجودہ صورتحال کے مطابق دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش اور افغانستان ان ٹیموں میں شامل ہیں جو براہِ راست عالمی کپ میں پہنچنے کی پوزیشن میں ہیں۔ ان کے علاوہ میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے پہلے ہی عالمی کپ کا حصہ بن چکے ہیں۔

دوسری جانب 10ویں نمبر پر موجود سابق 2 مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے لیے براہِ راست رسائی کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔ کٹ آف تاریخ سے قبل بھارت کے خلاف اس کے 2 ایک روزہ میچز باقی ہیں، تاہم دونوں میں کامیابی کے باوجود ویسٹ انڈیز ٹاپ 8 میں جگہ نہیں بنا سکے گا۔

ویسٹ انڈیز کو اب فروری 2027 میں ہونے والے عالمی کپ کوالیفائر کے ذریعے ٹورنامنٹ میں شرکت کی کوشش کرنا ہوگی۔

ایسوسی ایٹ ٹیموں کے لیے بھی عالمی کپ تک رسائی کا الگ مرحلہ رکھا گیا ہے۔ چیلنج لیگ میں 12 ٹیمیں 2 گروپس میں تقسیم ہوں گی اور ہر گروپ کی 2 بہترین ٹیمیں کوالیفائر پلے آف میں جگہ بنائیں گی۔

اسی طرح کرکٹ عالمی کپ لیگ 2 میں شریک 8 ٹیموں میں سے بہترین 4 ٹیمیں بھی عالمی کپ کوالیفائر تک رسائی حاصل کریں گی۔

آخری مرحلے میں 10 ٹیموں پر مشتمل عالمی کپ کوالیفائر کھیلا جائے گا، جو 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک جاری رہے گا۔ اس مقابلے کے ذریعے کامیاب ہونے والی آخری 4 ٹیمیں عالمی کپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔

یوں 2027 کا عالمی کپ نہ صرف ٹیموں کی تعداد کے اعتبار سے بڑا ایونٹ ہوگا بلکہ براہِ راست کوالیفکیشن اور کوالیفائر مرحلے کے باعث عالمی سطح پر کرکٹ شائقین کی توجہ بھی حاصل کرے گا۔