حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے ڈوگ میں منعقدہ آل پاکستان ملک جہانزیب شہید چھٹا فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام ہوگیا، جہاں فیصلہ کن مقابلے میں کمبائنڈ فٹبال کلب اعظم ورسک نے وزیر کلب وانا کو پینلٹی ککس پر شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ دونوں ٹیموں نے مقررہ وقت کے دوران ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد فاتح ٹیم کا فیصلہ پینلٹی ککس کے ذریعے کیا گیا۔
پینلٹی ککس میں اعظم ورسک کلب کے کھلاڑیوں نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی اور وزیر کلب وانا کو مات دے کر ٹورنامنٹ کی ٹرافی حاصل کرلی۔ کامیابی کے بعد گراؤنڈ میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے فاتح کھلاڑیوں کا بھرپور استقبال کیا اور جشن منایا۔
فائنل دیکھنے کے لیے تقریباً 25 ہزار شائقین گراؤنڈ پہنچے، جس کے باعث کھیل کا میدان تماشائیوں سے بھر گیا۔ شائقین نے دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پورے مقابلے کے دوران بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
آل پاکستان ملک جہانزیب شہید چھٹے فٹبال ٹورنامنٹ میں خیبر پختونخوا، بلوچستان اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے تقریباً 40 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران مختلف ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوئے جبکہ فائنل نے شائقین کی توجہ خاص طور پر اپنی جانب مبذول کیے رکھی۔
منتظمین اور علاقائی عمائدین کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر میں نوجوانوں کے اندر فٹبال کا غیر معمولی ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم کھیلوں کی مناسب سہولیات اور تربیتی مواقع محدود ہونے کے باعث مقامی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار نہیں لا پا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن، بھائی چارے، برداشت اور اتحاد کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
فائنل میں شریک شائقین نے حکومت سے جنوبی وزیرستان لوئر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 ہزار افراد کی فائنل میں شرکت علاقے کے عوام کی کھیلوں، بالخصوص فٹبال سے گہری وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔
شائقین نے وانا، برمل، شکئی اور توئی خلہ سمیت مختلف علاقوں میں جدید سہولیات سے مزین اسپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کرنے اور موجودہ کھیلوں کے میدانوں کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب مقامی کھلاڑیوں نے جنوبی وزیرستان لوئر میں گزشتہ 2 ماہ سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کی عدم تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری طور پر افسر کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔ کھلاڑیوں کے مطابق اس عہدے پر تعیناتی نہ ہونے سے کھیلوں کی سرگرمیوں اور مقامی ٹیلنٹ کی سرپرستی متاثر ہورہی ہے۔
فائنل کے موقع پر ٹورنامنٹ کے منتظم سہراب خان وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری عمران مخلص، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا و صحافی آدم خان وزیر، عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما ملک انور، علاقائی مشران اور بڑی تعداد میں فٹبال شائقین بھی موجود تھے۔