حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آزاد کشمیر انتخابات میں بڑا اپ سیٹ، سردار عتیق احمد خان آبائی نشست بھی ہار گئے Home / سیاست /

آزاد کشمیر انتخابات میں بڑا اپ سیٹ، سردار عتیق احمد خان آبائی نشست بھی ہار گئے

ایڈیٹر - 11/08/2026
آزاد کشمیر انتخابات میں بڑا اپ سیٹ، سردار عتیق احمد خان آبائی نشست بھی ہار گئے

حسبان میڈیا (ویب سائٹ): آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے اہم حلقوں سے سامنے آنے والے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج نے سیاسی منظرنامہ بدل دیا، جہاں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کو اپنی روایتی نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

حلقہ ایل اے 14 باغ میں عوام دست و بازو پارٹی کے امیدوار ساجد عباسی نے نمایاں برتری حاصل کرتے ہوئے 40,702 ووٹ حاصل کیے، جبکہ سردار عتیق احمد خان 19,542 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ نشست سیاسی طور پر سردار عتیق احمد خان کے خاندان کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے، کیونکہ ان کے والد اور مجاہدِ اول سردار عبدالقیوم خان بھی ماضی میں یہاں سے متعدد مرتبہ کامیاب ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب حلقہ ایل اے 17 حویلی کے تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے موصولہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل راٹھور 31,839 ووٹ لے کر کامیاب رہے، جبکہ مسلم لیگ ن کے محسن عزیز نے 28,975 ووٹ حاصل کیے۔

حلقہ ایل اے 15 باغ میں 123 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر 17,027 ووٹ کے ساتھ سبقت لے گئے ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15,063 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح حلقہ ایل اے 16 باغ کے 116 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار قمر زمان کو برتری حاصل ہے۔ انہوں نے اب تک 12,516 ووٹ حاصل کیے ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر 11,613 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

آزاد کشمیر کے تیسرے مرحلے کے ان نتائج میں خصوصاً سردار عتیق احمد خان کی شکست کو بڑا سیاسی اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی نتائج کا اعلان انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔