حسبان میڈیا(ویب ڈیسک): پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کے ساتھ پارلیمانی معاملات میں تعاون فی الحال روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے بعد حکومتی قانون سازی کو ایوان میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے تاحکمِ ثانی حکومت کے ساتھ قانون سازی کے عمل میں تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی حکومتی بلوں کی منظوری کے مراحل میں حمایت سے گریز کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی قائمہ کمیٹیوں میں بھی حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے بلوں کی حمایت نہیں کرے گی، بلکہ ضرورت کے مطابق ان میں ترامیم بھی تجویز کرے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حکومتی قانون سازی ایوان میں منظوری کے لیے پیش ہونے کی صورت میں بھی پیپلز پارٹی اپنے مؤقف کے مطابق ان بلوں کی مخالفت کرے گی۔
پیپلز پارٹی کے اس فیصلے سے حکومت اور اتحادی جماعت کے درمیان پارلیمانی تعاون کے حوالے سے نئی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جبکہ آئندہ قانون سازی میں حکومتی حکمت عملی اور عددی پوزیشن اہمیت اختیار کرگئی ہے۔