حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جنوبی وزیرستان :انگور اڈہ میں لرزہ خیز واقعہ، 48 سالہ خاتون پتھروں کے وار سے جاں بحق، Home / قبائلی اضلاع /

جنوبی وزیرستان :انگور اڈہ میں لرزہ خیز واقعہ، 48 سالہ خاتون پتھروں کے وار سے جاں بحق،

ایڈیٹر - 10/08/2026
جنوبی وزیرستان :انگور اڈہ میں لرزہ خیز واقعہ، 48 سالہ خاتون پتھروں کے وار سے جاں بحق،

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے علاقے زیڑہ لیٹہ انگور اڈہ میں ایک 48 سالہ خاتون کی مبینہ طور پر پتھر مار کر ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق خاتون، جو زابت خان عرف زابیتی خوجل خیل کی اہلیہ تھیں، 2 روز قبل بکریاں اور بھیڑیں چرانے کے لیے قریبی پہاڑی علاقے میں گئی تھیں، جہاں مبینہ طور پر انہیں پتھروں کے وار کرکے شدید زخمی کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کو زخمی حالت میں چھوڑ دیا گیا، تاہم شدید چوٹوں کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکیں اور موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

واقعے کے محرکات اور خاتون کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے والے افراد کے بارے میں تاحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد رپورٹ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مقتولہ کے اہلخانہ نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف اور فوری تحقیقات کی جائیں، اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر قتل کے شواہد ثابت ہوں تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و تشویش کی کیفیت پائی جاتی ہے، جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔