حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):سمندری طوفان ڈولفن نے جاپان کے بعد چین کا رخ کرتے ہوئے دونوں ممالک میں شدید موسمی صورتحال پیدا کردی ہے۔ طوفانی ہواؤں اور بارشوں کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں حفاظتی اقدامات بھی تیز کردیئے گئے ہیں۔
جاپان کے علاقے اوکیناوا میں طوفان کے باعث پیش آنے والے مختلف واقعات میں 6 افراد زخمی ہوئے، جبکہ 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
جاپان سے گزرنے کے بعد طوفان ڈولفن نے چین کے مشرقی ساحلی علاقوں کو نشانہ بنایا، جہاں موسلا دھار بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ چینی محکمہ موسمیات نے متعدد علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث مزید خطرات سے خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ جی جانگ کے مختلف علاقوں میں بارش کی مقدار 500 ملی میٹر تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ شنگھائی سمیت دیگر علاقوں میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شدید موسمی صورتحال کے باعث شنگھائی کے 2 ہوائی اڈوں پر 1,384 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جس سے فضائی سفر کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب چین کی یانگشان بندرگاہ پر بھی حفاظتی اقدامات کے تحت 500 سے زائد کشتیوں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔
حکام نے طوفان کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔