حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):پاکستان نے اسکریبل کے عالمی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 21ویں عالمی یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کا ٹیم ٹائٹل 7ویں مرتبہ اپنے نام کرلیا۔
چیمپئن شپ کے دوران پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور سب سے زیادہ ٹرافیاں حاصل کرکے عالمی سطح پر اپنی برتری منوا لی۔ ٹیم مقابلے میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ انفرادی مقابلے میں آسٹریلیا کے دینتھ فرنینڈو عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کے 3 کھلاڑی انفرادی مقابلوں میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، جبکہ مختلف عمر کی کیٹیگریز میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
انڈر 16 مقابلے میں احمد سلمان نے عالمی اعزاز حاصل کیا، جبکہ انڈر 14 کیٹیگری میں احد صولت فاطمی نے چیمپئن بن کر پاکستان کے لیے ایک اور ٹائٹل جیت لیا۔
انڈر 12 کیٹیگری میں پاکستان کے مصطفیٰ فرحان نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ قومی ٹیم کے کم عمر ترین کھلاڑی تیمور وسیم نے انڈر 10 کیٹیگری میں عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
تیمور وسیم کی کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ انہوں نے گزشتہ برس انڈر 8 کیٹیگری میں بھی عالمی ٹائٹل جیتا تھا، یوں انہوں نے مسلسل دوسرے سال عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
21ویں عالمی یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں 11 ممالک کے 183 کھلاڑیوں نے شرکت کی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی نمایاں رہی اور قومی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر عالمی ٹیم اعزاز اپنے نام کرکے اسکریبل میں پاکستان کی مضبوط پوزیشن ثابت کردی۔