حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں بارش کی پیشگوئی، درجہ حرارت 39 ڈگری تک پہنچ گیا Home / ماحولیات /

خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں بارش کی پیشگوئی، درجہ حرارت 39 ڈگری تک پہنچ گیا

ایڈیٹر - 10/08/2026
خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں بارش کی پیشگوئی، درجہ حرارت 39 ڈگری تک پہنچ گیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک) : خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی اضلاع میں بادل چھائے رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام اور رات کے اوقات میں دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔

اسی طرح باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے موسم میں قدرے بہتری آنے کا امکان ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان سب سے گرم

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پشاور میں درجہ حرارت 38 ڈگری، بنوں میں 37 ڈگری، چترال میں 36 ڈگری، دیر میں 34 ڈگری، کاکول میں 30 ڈگری جبکہ مالم جبہ میں 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

مختلف علاقوں میں بارش

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی۔ کاکول میں 8 ملی میٹر، مالم جبہ میں 7 ملی میٹر جبکہ چراٹ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بالخصوص بالائی اضلاع میں موسم کی اچانک تبدیلی کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ شام اور رات کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات موجود ہیں۔