حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ضلع میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آج 10 اگست کو کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت جنوبی وزیرستان لوئر اور اپر کے متعدد اہم راستے اور رابطہ سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر میں وانا سے تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ سے تنائی، عزیز آباد چوک سے درگئی پل، گل کچھ سے توئی خلہ اور تنائی تک آمدورفت معطل رہے گی۔
اسی طرح کوڑ قلعہ سے خرگئی اور جنڈولہ، ٹانک سے جنوبی وزیرستان اور جنڈولہ بازار کے راستے بھی بند رہیں گے، جبکہ ڈبرہ سے کوڑ قلعہ، گرداوی اور گومل زام ڈیم جانے والی سڑکوں پر بھی ٹریفک کی اجازت نہیں ہوگی۔
کرفیو کے باعث جنوبی وزیرستان اپر کے مختلف علاقوں میں بھی آمدورفت محدود کردی گئی ہے۔ لدھا، مکین، تبئی سر، بی بی رغزئی، کوٹکئی سے سپنکئی رغزئی، نذر خیل، درگئی پل، مددی جان سے شین ورسک، مولا خان سرائے اور چگملائی سے جنڈولہ تک کے راستے بند رہیں گے۔
اس کے علاوہ سرویکئ سے مولا خان سرائے اور بروند تک بھی معمول کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ کرفیو کے دوران بند کیے گئے راستوں پر عام شہریوں کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف منظور شدہ ہنگامی آمدورفت سیکیورٹی فورسز یا پولیس کی اجازت سے ممکن ہوگی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں گاڑیاں کم از کم 50 میٹر پہلے روک دی جائیں اور اہلکاروں کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کرفیو کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سیکیورٹی انتظامات میں تعاون کرتے ہوئے مقررہ پابندیوں کی پاسداری کریں۔