حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان نے عالمی ٹینس چیمپئن شپ میں تاریخ رقم کردی، اسپین کے خلاف مقابلے کے بعد سلور میڈل اپنے نام کرلیا Home / کھیل /

پاکستان نے عالمی ٹینس چیمپئن شپ میں تاریخ رقم کردی، اسپین کے خلاف مقابلے کے بعد سلور میڈل اپنے نام کرلیا

ایڈیٹر - 09/08/2026
پاکستان نے عالمی ٹینس چیمپئن شپ میں تاریخ رقم کردی، اسپین کے خلاف مقابلے کے بعد سلور میڈل اپنے نام کرلیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پرتگال میں منعقدہ آئی ٹی ایف ماسٹرز عالمی ٹیم چیمپئن شپ کے اوور 45 مقابلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کرلیا۔

فائنل میں پاکستان کا سامنا ٹاپ سیڈ اسپین سے ہوا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ ابتدائی طور پر سنگلز اور ڈبلز کے مقابلوں کے بعد دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابر رہیں، جس کے بعد چیمپئن کا فیصلہ آخری سنگلز مقابلے میں ہوا۔

فیصلہ کن میچ میں اسپین کے فرانسسکو مارٹینز بائنا نے پاکستان کے تجربہ کار کھلاڑی عقیل خان کو 6-4 اور 6-2 سے شکست دے کر اپنی ٹیم کو ٹائٹل دلا دیا۔

پاکستانی ٹیم نے فائنل تک پہنچنے کے سفر میں امریکا، کینیڈا، میزبان پرتگال اور سویڈن کی ٹیموں کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

چیمپئن شپ میں دنیا کے 30 سے زائد ممالک سے 300 سے زیادہ کھلاڑیوں نے شرکت کی، جس کے باعث ایونٹ کو ماسٹرز سطح کے بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں شمار کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے سلور میڈل حاصل کرنا اس لحاظ سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ ایشیا سے پاکستان واحد ملک ہے جس نے اس ماسٹرز عالمی ٹیم چیمپئن شپ میں میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو ملک کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ فائنل میں سخت مقابلے کے باوجود رنر اپ رہنا قومی ٹینس کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔