لاہور: ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے قومی ہاکی ٹیم لاہور سے نیدرلینڈز اور بیلجیئم روانہ ہوگئی، جہاں عالمی کپ کے مقابلے 15 سے 30اگست تک جاری رہیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کی روانگی سے قبل کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے مالی معاملات بھی مکمل کر دیے ہیں۔ فیڈریشن کے مطابق تقریباً 2 کروڑ روپے کا غیر ملکی یومیہ الاؤنس پیشگی طور پر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے بینک کھاتوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بیرون ملک قیام کے دوران مالی معاملات کی فکر سے آزاد رکھنا ہے تاکہ وہ تمام تر توجہ عالمی کپ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر مرکوز رکھ سکیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق عالمی کپ کے لیے قومی ٹیم کے سفر، رہائش، کھانے، مقامی آمدورفت اور کھیلوں کے سامان کی منتقلی سمیت تمام انتظامی و لاجسٹک امور پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی سہولت اور فلاح و بہبود ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کی روانگی سے قبل تمام ضروری مالی اور انتظامی معاملات شفاف انداز میں نمٹا دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر مکمل تیاری کا مقصد کھلاڑیوں کو پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عالمی سطح کے اس اہم مقابلے میں پوری توجہ، اعتماد اور جذبے کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔
عالمی ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی شرکت کو پاکستان ہاکی کے لیے اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے، جہاں قومی کھلاڑی دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔