حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ موسلا دھار بارشوں کے باعث متعدد شہری علاقوں اور خیبرپختونخوا کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ لاہور میں بھی صبح کے وقت ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا اور گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی۔
ادھر نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے امکان کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں نکاسیٔ آب کے مسائل کے ساتھ ساتھ سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، اوکاڑہ اور لاہور کے نشیبی و شہری علاقوں میں کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں کے باعث متعدد اضلاع کے ندی نالوں اور برساتی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔ چترال، اپر دیر، ایبٹ آباد، شانگلہ، خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، ٹانک، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کم سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
متعلقہ اداروں نے شہریوں اور مسافروں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ندی نالوں کے قریب جانے سے بھی گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔