حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت میں پیپلز پارٹی کو موجودہ سیاسی سمجھوتے کے مطابق ہی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
حویلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ ایکشن کمیٹی کے بعض عناصر کسی مخصوص ایجنڈے کے تحت سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت قائم ہونے کے بعد عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور حکومت اپنی توجہ بنیادی مسائل کے ازالے پر مرکوز رکھے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے پیپلز پارٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پیپلز پارٹی جہاں انتخابی شکست سے دوچار ہوتی ہے، وہاں انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کرنا شروع کردیتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ وفاق میں پیپلز پارٹی کا کردار موجودہ سیاسی انتظام کے تحت برقرار رہے گا اور وہیں سے اپنا کام جاری رکھے گی۔