حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں گرمی کے ساتھ بارشوں کا امکان، کئی اضلاع کیلئے اہم موسمی پیشگوئی Home / ماحولیات /

خیبرپختونخوا میں گرمی کے ساتھ بارشوں کا امکان، کئی اضلاع کیلئے اہم موسمی پیشگوئی

ایڈیٹر - 08/08/2026
خیبرپختونخوا میں گرمی کے ساتھ بارشوں کا امکان، کئی اضلاع کیلئے اہم موسمی پیشگوئی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعدد اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، چترال، دیر، سوات، کوہستان اور شانگلہ سمیت کئی علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، بٹگرام، مہمند، خیبر اور مانسہرہ میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

پیشگوئی کے مطابق اورکزئی اور کرم میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش ہوسکتی ہے۔ اسی طرح ہنگو، مردان، صوابی، نوشہرہ اور کوہاٹ سمیت بنوں میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ تخت بھائی میں سب سے زیادہ 47 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ کاکول میں 16 ملی میٹر، اپر دیر میں 3 ملی میٹر اور پارا چنار و کالام میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

چترال میں درجہ حرارت 34 ڈگری جبکہ بنوں میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، خصوصاً پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔