باجوڑ۔5 اگست | یومِ شہدائے پولیس خیبرپختونخوا ضلع باجوڑ میں ملی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
یومِ شہدائے پولیس خیبرپختونخوا کے موقع پر ضلع باجوڑ میں شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔دن کا آغاز پولیس لائن باجوڑ کی مرکزی مسجد میں قرآن خوانی سے ہوا، جہاں شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی، غازیانِ وطن کی سلامتی، ملکی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔بعد ازاں ایس۔پی انوسٹیگیشن باجوڑ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس کے بعد شہدائے وطن کی یاد میں ایک خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران، جوانوں، سرکاری حکام، طلبہ، سول سوسائٹی، قبائلی عمائدین اور شہریوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے شہداء سے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔بعد ازاں مرکزی تقریب جرگہ ہال سول کالونی خار میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید تھے، جبکہ ایس۔پی انوسٹیگیشن باجوڑ اجمل خان، سول و پولیس افسران، قبائلی عمائدین، سیاسی و مذہبی رہنماؤں، شہدائے پولیس کے ورثاء، شہداء کے بچوں، غازیانِ وطن، اساتذہ، طلبہ، وکلاء، میڈیا نمائندگان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں شہدائے پولیس کی قربانیوں پر مبنی خصوصی ڈاکومنٹری اور ویڈیو پیش کی گئی، جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ، پولیس کی قربانیوں، سرچ آپریشنز، ناکہ بندیوں، پولیو سیکیورٹی اور شہداء کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ ویڈیو کے دوران شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر سکول کے بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور شہدائے وطن کی یاد میں خصوصی ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید نے کہا کہ شہدائے پولیس پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء کی مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کی عزت و تکریم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ایس۔پی انوسٹیگیشن باجوڑ اجمل خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ضلع باجوڑ کے شہداء نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بہادری، استقامت اور حب الوطنی کی روشن مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر، ہمارا سرمایہ اور ہماری طاقت ہیں، اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باجوڑ پولیس شہداء کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔تقریب کے دوران شہدائے پولیس کے ورثاء تعریفی اسناد اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے، جبکہ شہداء کے بچوں میں خصوصی تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے جرگہ ہال میں منعقدہ شہدائے پولیس کی تصویری نمائش کا دورہ کیا اور تاثراتی کتاب میں اپنے خیالات قلمبند کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی، غازیانِ وطن کی صحت و سلامتی، ملک میں پائیدار امن، دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدائے پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ زندہ رکھا جائے گا اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے پوری قوم متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔