خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات کی روشنی میں اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید کی ہدایت پر ضلع باجوڑ میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔ اسسٹنٹ کمشنر خار عامر خان وزیر کی قیادت میں خار ماڈل سکول اینڈ کالج سے سول کالونی مین گیٹ تک یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر کو دان شاہد،اساتذہ کرام اور سکولوں کے طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور "پاکستان زندہ باد" اور "کشمیر بنے گا پاکستان" کے فلک شگاف نعرے لگا کر کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر باجوڑ کے زیرِ اہتمام باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر یکجہتی ریلی اور والی بال میچ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے یکجہتی ریلی نکالی، پاکستان اور کشمیر کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔والی بال میچ تحصیل خار اور تحصیل ماموند کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔