عالمی فٹبال کی اعلیٰ قیادت نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نو منتخب صدر سید محسن گیلانی کو مبارکباد دی ہے اور پاکستان میں فٹبال کی بہتری کیلئے بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
فیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) اور ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساٖف) کے اعلیٰ عہدیداران نے صدر گیلانی کے جذبے اور فٹبال کی ترقی کے لیے ان کی لگن کو سراہتے ہوئے پاکستان میں کھیل کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا کہ آپ کی قیادت، علم اور فٹبال سے لگاؤ پاکستان میں اس خوبصورت کھیل کی ترقی پر مثبت اثر ڈالے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ فیفا کے جنرل سیکرٹری ماتیس گرافسٹروم نے صدر گیلانی کو فیفا ہیڈکوارٹر کے دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی ہے تاکہ پاکستان فٹبال کی ترقی کے اہداف اور حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت ہو سکے۔
اے ایف سی کے صدر سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے بھی اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آپ کا لاہور میں بطور صدر منتخب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی فٹبال برادری آپ کی قیادت اور وژن پر مکمل اعتماد رکھتی ہے ساٖف کے صدر قاضی صلاح الدین نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت، تجربہ اور فٹبال سے محبت جنوبی ایشیا میں اس کھیل کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے عالمی فٹبال برادری کے پیغامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی نیک خواہشات اور مبارکبادوں پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ کی حمایت میرے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں نہایت محدود رہیں، اب وقت ہے کہ ہم نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔