باجوڑ ۔ تحصیل ماموند کے علاقہ سفرے بانڈگئی ، واڑہ خرکے کے عوام کا مین روڈ کے تعمیر میں چھ سالہ تاخیر کے خلاف گٹکی چوک میں احتجاج مظاہرہ ، مین روڈ کئی گھنٹے تک ٹریفک کیلئے بند رہی۔ تعمیراتی کام شروع کرنے کیلئے دس دن کا الٹی میٹم۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل ماموند کے گٹکی ٹو سفرے، وڑ ماموند مین روڈ پر چھ سال قبل تعمیراتی کام کا آغاز کیا گیا مگر چھ سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود آج تک سڑک ویران اور ادھوری پڑی ہوئی ہے۔یہ وہی مرکزی سڑک ہے جو سابق ایم این اے گل ظفر خان کے گاؤں کو جاتی ہے،لیکن ترقیاتی کام صرف دعوؤں اور فائلوں تک محدود رہا۔علاقے کے یوتھ ممبران نے اسی ناقص صورتحال کے خلاف گٹکی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس سلسلے میں مظاہرین کے نمائندہ وفد نے ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی سے ملاقات کی اور کامیاب مذاکرات کے بعد ٹھیکہ دار کو دس روز کا الٹی میٹم دے دیا کہ وہ دس دن کے اندر سفرے روڈ پر تعمیراتی کام کا آغاز کرے گااور آئندہ چند دن ماہ میں روڈ کو مکمل کرنے کا پابند ہوگا۔