تحصیل لنڈیکوتل کے سرکاری سکولوں میں 150 یتیم طلباء و طالبات میں تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع خیبر کی جانب سے ونٹر پیکیج تقسیم کیا گیا۔ تقریب گورنمنٹ پرائمری سکول لنڈیکوتل نمبر 2 میں منعقد ہوئی جس میں پرائمری اسکولوں کے ہیڈٹیچرز, تعلیمی، سماجی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری تھے، جبکہ اے ایس ڈی ای او عنایت اللہ صدرِ مجلس کے طور پر شریک ہوئے۔ دی ہنڈرڈ تنظیم کے بانی و چیئرمین معروف شاہ, نائبرہولڈ چیئرمین نوید شینواری بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر تنظیم اساتذہ شریف اللہ نے بتایا کہ تنظیم اساتذہ نے گزشتہ تین برسوں میں ضلع خیبر میں بیس لاکھ روپے سے زائد کے فلاحی پیکیجز تقسیم کیے ہیں۔ ان میں یتیم طلبہ کے لیے کتابیں، گرم ملبوسات، شوز، بیگز اور میٹرک امتحانات کی فیسیں شامل ہیں۔
صدر تنظیم اساتذہ لنڈیکوتل ارشد علی نے کہا کہ تنظیم اساتذہ کی جدوجہد صرف تنخواہوں اور مراعات تک محدود نہیں، بلکہ اساتذہ کے فرائض، طلبہ کی تربیت اور ان کی بہبود بھی تنظیم کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے تنظیم کا حصہ بننے کی اپیل بھی کی۔
اے ایس ڈی ای او عنایت اللہ نے تنظیم اساتذہ کی فلاحی و تعلیمی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے محکمہ تعلیم کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مہمانِ خصوصی تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری نے تنظیم اساتذہ کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
دی ہنڈریڈ آرگنائزیشن کے چیئرمین معروف شاہ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور محکمہ تعلیم سے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر عملی اقدامات ضروری ہیں۔
تقریب کے اختتام پر 150 یتیم و نادار طلباء و طالبات میں گرم سویٹرز اور گرم ٹوپیوں پر مشتمل ونٹر پیکیج تقسیم کیا گیا