باجوڑ: محکمہ تعلیم ضلع باجوڑ کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا، جس کے تحت ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات، آگاہی ریلیاں اور واکس کا انعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور طلبہ میں مسئلہ کشمیر سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، عبدالصمد جان کے ہدایات پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل لودان شاہد نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول خار اور گورنمنٹ ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول خار کا دورہ کیا گیا، جہاں تدریسی اور غیر تدریسی عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود پایا گیا، جبکہ دونوں اداروں میں طلبہ کی حاضری کا تناسب تقریباً 92 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جسے اطمینان بخش قرار دیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خار عامر اللہ ، پرنسپل خیال محمد، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ریلی میں شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں نعرے لگائے اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی۔
محکمہ تعلیم ضلع باجوڑ کی جانب سے ضلع بھر کے مختلف سرکاری سکولوں میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں خصوصی تقریبات، تقاریر، واکس اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔
بعد ازاں محکمہ تعلیم کے افسران اور عملے نے ضلعی تعلیمی افسر کے دفتر سے نکالی گئی خصوصی واک میں بھی شرکت کی، جہاں کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور اس کے عوام کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔