حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جنوبی پنجاب صوبے پر ن لیگ اور تحریک انصاف ایک صفحے پر، اہم پیش رفت سامنے آ گئی Home / سیاست /

جنوبی پنجاب صوبے پر ن لیگ اور تحریک انصاف ایک صفحے پر، اہم پیش رفت سامنے آ گئی

ایڈیٹر - 05/08/2026
جنوبی پنجاب صوبے پر ن لیگ اور تحریک انصاف ایک صفحے پر، اہم پیش رفت سامنے آ گئی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے غیر معمولی ہم آہنگی کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کو اولین ترجیح قرار دے دیا۔

ایک نجی ٹیلی وژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے اور اس حوالے سے عملی پیش رفت موجودہ حکومت ہی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں نئے صوبوں کے قیام کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر وسیع اتفاق رائے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو سب سے پہلے الگ صوبے کی حیثیت دی جانی چاہیے کیونکہ اس مطالبے پر مختلف سیاسی حلقوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

ملک عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں نئے صوبوں کی تشکیل آبادی اور انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونی چاہیے، تاہم جنوبی پنجاب کا صوبہ اس عمل میں اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے بیانات کو نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قومی سطح پر اتفاق رائے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس معاملے پر آئندہ سیاسی اور آئینی مشاورت میں مزید پیش رفت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔