حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): چترال کے علاقے بروز میں آنے والے شدید سیلابی ریلے نے دیر اور چترال کے درمیان زمینی رابطہ منقطع کر دیا، جہاں مرکزی شاہراہ پر قائم واحد اسٹیل پل پانی کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گیا۔
پل کے بہہ جانے کے بعد دیر تا چترال شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہو گئی، جس کے باعث دونوں اضلاع کے درمیان آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔ سڑک بند ہونے سے متعدد مسافر مختلف مقامات پر پھنس گئے ہیں اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے متاثرہ علاقے کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے تاکہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا سکے اور بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
حکام نے شہریوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ طور پر متبادل راستے اختیار کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر لانے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔