حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سیاسی مذاکرات پر اپوزیشن کا بڑا اعلان ,حکومت آگے بڑھے، ہم آج بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، راجہ ناصر عباس Home / سیاست /

سیاسی مذاکرات پر اپوزیشن کا بڑا اعلان ,حکومت آگے بڑھے، ہم آج بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، راجہ ناصر عباس

ایڈیٹر - 04/08/2026
سیاسی مذاکرات پر اپوزیشن کا بڑا اعلان ,حکومت آگے بڑھے، ہم آج بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، راجہ ناصر عباس

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف راجہ ناصر عباس نے حکومت پر سیاسی مذاکرات میں عدم سنجیدگی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن ہر سطح پر بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم حکومت کی جانب سے مثبت پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات اور جمہوری رابطوں میں تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محمود خان اچکزئی نے پارلیمنٹ میں ملاقات کی تجویز دی، حتیٰ کہ رانا ثنا اللہ کی رہائش گاہ پر بھی ملاقات کی پیشکش کی گئی، مگر حکومتی جانب سے اس پر کوئی سنجیدہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وزیراعظم اور حکومتی نمائندوں سے بامقصد مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ ان کے بقول وہ اس وقت عراق میں اربعین کی مناسبت سے موجود ہیں، تاہم اگر مذاکرات کا آغاز ہوتا ہے تو وہ فوری طور پر وطن واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت واقعی مذاکرات چاہتی تو اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کے مقدمات درج نہ کیے جاتے اور سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ نہ بنایا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ بامعنی مذاکرات کے لیے اعتماد کی فضا ناگزیر ہوتی ہے، لیکن موجودہ حالات اس کے برعکس ہیں۔ ان کے مطابق اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو اپوزیشن قیادت کی اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کی راہ میں بھی رکاوٹیں کھڑی نہ کی جاتیں، جبکہ اہلِ خانہ کو بھی ملاقاتوں کی اجازت دی جاتی۔

اپوزیشن رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں سیاسی استحکام اور قومی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ہی مؤثر راستہ ہیں، تاہم اس کے لیے حکومت کو بھی عملی طور پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔