حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ۔ماں کے دودھ کی افادیت کے عالمی مہینے کے مناسبت سے آگاہی مہم کا آغاز Home / باجوڑ /

باجوڑ۔ماں کے دودھ کی افادیت کے عالمی مہینے کے مناسبت سے آگاہی مہم کا آغاز

ایڈیٹر - 04/08/2026
باجوڑ۔ماں کے دودھ کی افادیت کے عالمی مہینے کے مناسبت سے آگاہی مہم کا آغاز

 محکمہ صحت باجوڑ کے زیر اہتمام اور یونیسف کے تعاون سے ماں کے دودھ کی افادیت سے متعلق عالمی مہینے (اگست) کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نوزائیدہ بچوں کی صحت، متوازن نشوونما اور ماں کے دودھ کی اہمیت پر تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔تقریب میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اجمل خان، نیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عارف، ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نجیب، انٹیگریٹڈ نیوٹریشن پروگرام کے ضلع منیجر صلاح الدین، آئی ایم او عامر حسین، اے ڈی سی نبیلہ بی بی، ایل ایچ ویز، ایل ایچ ڈبلیوز، نیوٹریشن اسسٹنٹس، احساس نشوونما پروگرام کے منیجر لقمان حکیم، مذہبی رہنماؤں، محکمہ صحت کے عملے اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اجمل خان نے کہا کہ ماں کا دودھ نومولود بچوں کے لیے بہترین، مکمل اور قدرتی غذا ہے، جو نہ صرف ان کی جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ بیماریوں سے تحفظ بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پیدائش کے بعد بچوں کو صرف ماں کا دودھ پلایا جائے اور گٹھی یا دیگر غذائیں دینے سے گریز کیا جائے، کیونکہ ماں کا دودھ بچے کا پہلا حفاظتی ٹیکہ بھی تصور کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یکم اگست سے شروع ہونے والے اس عالمی مہینے کے دوران ضلع بھر میں ماں کے دودھ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے مختلف آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت باجوڑ بچوں کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور صحت کا عملہ پوری ذمہ داری اور ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ماں کے دودھ کی افادیت سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہم پورے ماہ جاری رہے گی تاکہ نومولود بچوں کی صحت کو بہتر بنایا جا سکے۔