ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد رفیق گنڈاپور اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر خار ڈاکٹر صادق علی کی زیر نگرانی سول کالونی خار کے جرگہ ہال میں یومِ تکبیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلباء، اساتذہ، سرکاری افسران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔
تقریب میں طلباء نے یومِ تکبیر کی اہمیت پر تقاریر کیں اور ملی نظموں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر خار اور دیگر معززین نے 28 مئی 1998 کے تاریخی ایٹمی تجربات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس دن کو ملکی خودمختاری، دفاع اور قومی وقار کی علامت قرار دیا۔
تقریب کے بعد سول کالونی جرگہ ہال سے ریلی نکالی گئی جس میں سرکاری افسران، سول سوسائٹی، تاجر برادری، طلباء اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے قومی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور حب الوطنی کے نعروں کے ساتھ پرجوش مارچ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر خار اور تحصیل چیئرمین سب ڈویژن خار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ تکبیر نہ صرف دفاع وطن کی تاریخ ساز کامیابی کی یاد دلاتا ہے بلکہ یہ دن قومی خودداری، سائنسی خود کفالت اور اجتماعی یکجہتی کے عزم کو تازہ کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں وطن سے بے لوث محبت، اتحاد اور قربانی کے جذبے کو اپنانے کا پیغام دیتا ہے