حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آزاد کشمیر میں انتخابی کشیدگی بھڑک اٹھی، تھانے پر ہنگامہ، مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی آمنے سامنے، متعدد گرفتار Home / سیاست /

آزاد کشمیر میں انتخابی کشیدگی بھڑک اٹھی، تھانے پر ہنگامہ، مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی آمنے سامنے، متعدد گرفتار

ایڈیٹر - 04/08/2026
آزاد کشمیر میں انتخابی کشیدگی بھڑک اٹھی، تھانے پر ہنگامہ، مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی آمنے سامنے، متعدد گرفتار

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں انتخابی نتائج کے بعد سیاسی کشیدگی شدت اختیار کر گئی، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ نے پرتشدد صورتحال اختیار کر لی۔ ہنگامہ آرائی کے دوران سٹی تھانہ ہٹیاں بالا میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی، جس سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق تنازع کا آغاز نومنتخب رکن قانون ساز اسمبلی دیوان علی خان چغتائی کے آبائی علاقے گوہر آباد میں ہوا، جہاں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ دیکھتے ہی دیکھتے تصادم میں بدل گیا۔

بعد ازاں دونوں گروپ سٹی تھانہ ہٹیاں بالا پہنچ گئے، جہاں دوبارہ کشیدگی بھڑک اٹھی۔ ہنگامہ آرائی کے دوران تھانے کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد ضلع بھر سے پولیس کی اضافی نفری طلب کر کے سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فیصل مغل، اسد چغتائی، آزاد مغل سمیت 20 افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ تین گاڑیاں بھی اپنی تحویل میں لے لی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی اور ضلع پولیس سربراہ بھی موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے تمام افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔