حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کبل دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی ہنگامی دورے پر سوات پہنچ گئے Home / سیاست /

کبل دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی ہنگامی دورے پر سوات پہنچ گئے

ایڈیٹر - 03/08/2026
کبل دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی ہنگامی دورے پر سوات پہنچ گئے

سوات/پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سوات کے علاقے کبل میں ہونے والے حالیہ خودکش دھماکے کے فوری بعد سوات پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ دورے کے دوران چیئرمین ڈیڈک سوات اختر خان ایڈووکیٹ سمیت صوبائی اور قومی اسمبلی کے اراکین بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ اعلیٰ سیکیورٹی حکام کی جانب سے صوبائی قائد کو کبل خودکش حملے، تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت اور سوات کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ 

بعد ازاں سوات میں میڈیا نمائندوں سے باضابطہ گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کی دوبارہ لہر کو قبول نہیں کیا جائے گا اور صوبے میں امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کبل واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ امن دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، اور پولیس سمیت عوام کی دی گئی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر آج سوات دہشت گردی سے متاثر ہے تو کل بونیر بھی اس کی لپیٹ میں آ سکتا ہے، اس لیے اب دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مزید سخت ترین پالیسی اختیار کرنا ہوگی۔

صوبائی قائد نے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا ذمہ دار وفاق کو قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں دہشت گردی کا دوبارہ سر اٹھانا وفاقی حکومت کی ناقص اور ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ذمہ دار ادارے اپنا آئینی کردار مؤثر انداز میں ادا نہیں کر رہے، جس کے باعث سیکیورٹی صورتحال شدید متاثر ہو رہی ہے۔ وفاق پر تنقید کے ساتھ ساتھ انہوں نے مقتدر حلقوں کو بھی ہدف بنایا اور کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کو گورننس کا کوئی اختیار حاصل نہیں، جبکہ کچھ غیر سیاسی عناصر سیاسی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بند کمروں میں کیے گئے غیر عوامی فیصلے سوات اور پورے ملک کے عوام میں شدید ردعمل اور بے چینی کو جنم دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں امن کی بحالی کا وعدہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اس لیے پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو جدید خطوط پر مزید مضبوط بنایا جائے گا کیونکہ ان اداروں نے فرنٹ لائن پر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔