ویب ڈیسک: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن مقابلے کے پہلے روز میزبان ٹیم نے مستحکم بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا لیے اور میچ میں ابتدائی برتری حاصل کر لی۔
ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم بارش کے باعث کھیل کا آغاز مقررہ وقت سے کچھ دیر بعد ہوا۔ خراب موسم کے باعث ابتدائی سیشن مختصر رہا، لیکن میزبان بیٹرز نے بعد ازاں محتاط اور ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔
پاکستان نے اس اہم میچ کے لیے اپنی ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں۔ عبداللہ شفیق، اویس ظفر، ساجد خان اور عبید شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا، جبکہ اویس ظفر اور عبید شاہ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ نے 46 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ شائے ہوپ 29، عامر جنگو 26، تیج نرائن چندرپال 15 اور کیوم ہوج 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دن کے اختتام پر جسٹن گریوز 64 اور کپتان روسٹن چیز 36 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور دونوں نے ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط بنا دی۔
پاکستانی باؤلرز میں محمد علی سب سے کامیاب رہے، جنہوں نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ ساجد خان، عبید شاہ اور علی عثمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
خراب روشنی کے باعث امپائرز نے مقررہ وقت سے پہلے ہی پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں مضبوط بنیاد رکھ کر دوسرے روز مزید بڑے اسکور کی جانب پیش قدمی کا اشارہ دے دیا۔