ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان احتجاجی مہم کے سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئیں، جہاں مقامی کارکنوں اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداروں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان اپنے دورے کے دوران شہر کے ایک مقامی ہوٹل میں قیام کریں گی، جہاں وہ مختلف وفود، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گی۔ اس دوران ان کی جانب سے کارکنوں سے خطاب بھی متوقع ہے، جس میں آئندہ سیاسی حکمت عملی اور تنظیمی امور پر گفتگو کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق یہ دورہ پانچ اگست کو ہونے والے احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کے تحت علیمہ خان جنوبی اضلاع میں پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے اور تنظیمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں مصروف ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کا مقصد کارکنوں کا حوصلہ بلند کرنا، مقامی قیادت سے مشاورت کرنا اور احتجاجی مہم کو مؤثر انداز میں منظم کرنا ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں مزید سیاسی سرگرمیوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔