حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مہمند باجوڑ شاہراہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل، نکاسیٔ آب کا نظام نہ ہونے سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ Home / قبائلی اضلاع /

مہمند باجوڑ شاہراہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل، نکاسیٔ آب کا نظام نہ ہونے سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

ایڈیٹر - 02/08/2026
مہمند باجوڑ شاہراہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل، نکاسیٔ آب کا نظام نہ ہونے سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

مہمند باجوڑ شاہراہ تعمیر کے آخری مراحل میں داخل؛ نکاسیٔ آب کا مناسب انتظام نہ ہونے سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی پانی کے باعث کروڑوں کی سڑک شدید متاثر

ضلع مہمند: ضلع مہمند اور باجوڑ کو آپس میں ملانے والی سب سے اہم تجارتی و سفری گزرگاہ "مہمند باجوڑ شاہراہ" (کڑپہ روڈ) کی تعمیر کا تعمیاتی کام اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، تاہم متعلقہ محکموں کی ناقص منصوبہ بندی اور نکاسیٔ آب (ڈرینیج سسٹم) کا مناسب بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے نو تعمیر شدہ سڑک شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگی ہے۔ کثیر فنڈز اور بھاری لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ بنیادی ڈھانچہ اب بارشوں اور پہاڑی نالوں سے آنے والے سیلابی پانی کی نذر ہو رہا ہے۔

مقامی ذرائع اور مسافروں کے مطابق، کڑپہ روڈ کے اطراف میں نالیاں اور پروٹیکشن والز نہ بنائے جانے کے باعث حالیہ بارشوں کے بعد پہاڑی علاقوں سے آنے والا سیلابی پانی سڑک کے اوپر سے گزر رہا ہے، جس کی وجہ سے کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرنے (لینڈ سلائیڈنگ) کے واقعات پیش آئے ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مہمند اور باجوڑ کے مابین ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے مسافروں بالخصوص مریضوں اور خواتین کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اہلیانِ علاقہ اور تجارتی حلقوں نے "حسبان میڈیا" سے گفتگو کرتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اگر نکاسیٔ آب کے نظام کو فوری طور پر درست نہ کیا گیا تو کروڑوں روپے کی سرکاری لاگت سے بننے والی یہ خوبصورت اور جدید شاہراہ چند ہی مہینوں میں مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سڑک کی تکمیل کے ساتھ ہی اس کے تحفظ کے لیے نکاسیٔ آب کا پائیدار نظام قائم کیا جا سکے۔