ویب ڈیسک: پاکستان نے چار ٹیسٹ میچوں کی ہاکی سیریز کے دوسرے مقابلے میں بھی جنوبی کوریا کو شکست دے کر سیریز میں دو، صفر کی مضبوط برتری حاصل کر لی۔
سنسنی خیز مقابلے میں قومی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے زیر کیا۔ پاکستان کی کامیابی میں ابو بکر نے نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے، جبکہ ایک گول عبدالرحمان نے بنایا۔
پاکستانی ٹیم نے میچ کے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور اپنے حریف پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا، جس کا نتیجہ تین خوبصورت گولوں کی صورت میں سامنے آیا۔ جنوبی کوریا کی ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔
اس فتح کے ساتھ چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو دو، صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے، جس کے بعد قومی ٹیم سیریز جیتنے کے مزید قریب پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان نے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا تھا، جبکہ اب مسلسل دوسری کامیابی نے قومی ٹیم کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔